اوسلو: منہاج القرآن ویمن لیگ کی سالانہ میلادالنبی (ص) کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے نے امسال بھی میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ماہ ربیع الاول میں ناروے کے مختلف شہروں میں بیسیوں محافل ذکر و نعت اور حلقاتِ درود کا انعقاد کیا۔ میلاد مہم سے متاثر ہوکر خواتین کی بڑی تعداد نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی رفاقت حاصل کی اور ارادہ آغوش میں بچوں کی کفالت کی ذمہ اٹھایا۔

اس سلسلے کی مرکزی تقریب 9 جنوری 2016 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے مرکز اوسلو میں سالانہ میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں ناروے بھر سے خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کے لیے مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے المصطفےٰ ہال کو بہت خوبصورتی اور نفاست سے سجایا گیا تھا۔

کانفرنس کا آغاز قرآن مجید کی آیاتِ بینات کی تلاوتِ سے ہوا جس کی سعادت اقراء یوسف نے حاصل کی۔ اقراء مشتاق، شیما نعت کونسل، شائستہ غالب، آمنہ ظفر، فاطمہ ظفر، حرا خان اور منہاج ویمن لیگ کے گروپ نے نبی محتشم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگہا میں نعت و توصیف اور درودوسلام کے پھول نچھاور کیے اور صائمہ چاند نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی صدر عائشہ خان نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی دعوتی، تنظیمی اور تحریکی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔

جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی فاضلہ اور منہاج ویمن لیگ یورپین کی سیکرٹری جنرل طاہرہ فردوس نے محفل میلاد سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سورہ الکوثر کی روشنی میں رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حسنِ خلق کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ آقا علیہ السلام کو اللہ تعالی نے تمام کمالات و جمالات اور تمام فضل و خوبی عطا فرمائی اور خیرِکثیر کی انتہاء کرتے ہوئے آپ ہی کو ختمِ نبوت کا تاج بھی پہنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں محسنِ انسانیت صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و اطاعت کے پیغام کو عام کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا مشن محبتِ مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فروغ ہے۔

میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں دوردوسلام کے نذرانوں کے ساتھ میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کیک کاٹا گیا۔ کانفرنس کا اختتام ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور مشن کی کامیابی کی دعاؤں سے ہوا۔ شرکاء کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی طرف سے ضیافتِ میلاد کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

رپورٹ: قیصر محمود (انفارمیشن سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے

تبصرہ