منہاج کالج مانچسٹر یوکے کے زیراہتمام ’’لیونگ لیگسی فیسٹیول‘‘ میں شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کی ذات مبارکہ کائنات میں اخلاق حسنہ کا اعلیٰ ترین نمونہ ہیں۔ آپ ﷺ کے اخلاق کیسے تھے، اس بارے جب سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا سے پوچھا گیا تو آپ نے بیان کیا کہ سارا قرآن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اخلاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت ہی انسانیت کی معراج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو امت کے لیے کامل رول ماڈل بنایا اور آج ہمیں زندگی میں کامیابی کے لیے آپ ﷺ کے اخلاق حسنہ سے درس لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کے لیے سراپا رحمت ہیں۔ آپ بنی نوع انسان اور کائنات کی تمام مخلوقات کے لیے نبی رحمت بن کر آئے۔ اسی لیے آپ ﷺ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ پر عمل کرنے سے ہی حقیقی کامیابی مل سکتی ہے۔
شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منہاج کالج مانچسٹر کی اتنظامیہ اور تحسین خالد کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
پروگرام میں علمائے کرام، اساتذہ کرام، سکالرز، طلباء، فیملیز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف ثناء خوانوں نے بارگاہ مصطفیٰ ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیے۔ فیسٹیول میں بچوں کیلئے تفریحی سرگرمیوں اور فیملیز کیلئے سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
تبصرہ