منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام محفل استقبال میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یکم ربیع الاول، 27 فروری 2009ء کو ہوئی۔ اس محفل میلاد کو جامع مسجد ہائی ویکمب میں منعقد کیا گیا۔ خلیفہ فضل حسین نے محفل میلاد کی صدارت کی جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین القادری مہمان خصوصی تھے۔ یہ پروگرام جامع مسجد ہائی ویکمب کے خطیب علامہ غلام جیلانی کی زیر سرپرستی ہوا۔ محفل میں سینکڑوں عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر چار نقاط پر اُمت مسلمہ عمل پیرا ہو جائے تو دنیا و آخرت میں کامیابی اُن کے قدم چومے گی۔ آپ نے فرمایا کہ اگر انسان کو اللہ تعالیٰ کی مدد درکار ہو تو صبر کا دامن تھام لے، اگر کرم کی حاجت رکھتا ہو تو شکر کی ادائیگی کو اپنا ورد بنا لے، اگر اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کا طلبگار ہو تو اُن کے احکام کی اطاعت کو اپنی عادت بنا لیں اور اگر اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا طالب ہو تو پہلے اُن کی محبت میں خود کو فنا کرلے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت دراصل اللہ کی اطاعت ہے، ہمیں اولیاء اللہ اور صحابہ کرام کے طرز محبت کو اپنانا ہوگا۔

علامہ غلام جیلانی نے کہا کہ اُمت مسلمہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔ علامہ سجاد حسین نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کے قلوب و اذہان کو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تر ہو جائیں تو نفرت وانتہاء پسندی خود اپنی موت مرجائے گی۔ اس موقع پر قرب وجوار سے آئے ہوئے نوجوانوں نے منہاج القرآن کی ممبرشپ بھی لی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے ڈائریکٹر علامہ صادق قریشی نے کہا کہ برطانوی مسلم نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات کے اعلیٰ پیغام کی تبلیغ واشاعت کیلئے دینی و دنیاوی علوم پر دسترس حاصل کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان نسل قدیم و جدید علوم و فنون سے بہرہ ور ہو تو آئندہ کی نسلوں کیلئے قیادت کا فقدان ختم ہو جائے گا۔ بعد ازاں دارالعلوم رحمانیہ میں صاحبزادہ حسین محی الدین القادری کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا اور سینئر کارکن حاجی محمد غالب کے ہاں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

رپورٹ: آفتاب بیگ(ناظم میڈیا۔ برطانیہ)
مرتب: میاں اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ